-- 34

ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی-20 مقابلہ آج، شبھمن گل اور ابھشیک شرما کریں گے اننگ کی شروعات!

شبھمن گل نے کہا کہ میں نے ٹی-20 کرکٹ میں پہلے بھی اننگ کی شروعات کی ہے، اس لیے مجھے لگتا ہے کہ میں ٹی-20 انٹرنیشنل میں سلامی بلے باز کا کردار نبھانے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔
زمبابوے دورہ پر ہندوستانی ٹیم کی قیادت کر رہے شبھمن گل کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ ٹی-20 میں خود کو سلامی بلے باز کے طور پر ڈھالنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی شاندار حصولیابیوں کو دہرانا انتہائی مشکل ہے، لیکن وہ اپنے اوپر کسی طرح کا دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے ہیں۔حال ہی میں اختتام پذیر ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان کی ریزرو ٹیم کا حصہ رہے شبھمن گل نے زمبابوے کے خلاف ہفتہ سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز سے قبل کی شام کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے روہت بھائی بہترین سلامی بلے باز تھے اور وراٹ بھائی نے بھی اس عالمی کپ میں اننگ کی شروعات کی۔ میں نے ٹی-20 میں بھی سلامی بلے بازی کی ہے، اس لیے مجھے لگتا ہے کہ میں ٹی-20 میں سلامی بلے باز کا کردار نبھانے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔‘‘گل نے روہت اور کوہلی کے ٹی-20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان سے کی جا رہی امیدوں پر بھی بات کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’دباؤ اور امیدیں… مجھے لگتا ہے کہ یہ ہمیشہ رہتے ہیں۔ وراٹ بھائی اور روہت بھائی نے جو حاصل کیا ہے، اگر میں اسے حاصل کرنے یا اس تک پہنچنے کی کوشش کروں گا تو یہ میرے لیے بہت مشکل ہوگا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہر کھلاڑی کا اپنا ہدف ہوتا ہے، جہاں وہ پہنچنا چاہتا ہے۔ یہی دباؤ ہے۔ اگر آپ وہاں پہنچنا چاہتے ہیں جہاں دوسرے لوگ پہنچ چکے ہیں، تو آپ پر زیادہ دباؤ ہوگا۔‘‘گل کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل 2024 میں سنرائزرس حیدر آباد کے لیے شاندار فارم میں رہے ابھشیک شرما 5 میچوں کی ٹی-20 سیریز کے شروعاتی میچ میں ان کے ساتھ اننگ کی شروعات کریں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ابھشیک شرما میرے ساتھ اننگ شروع کریں گے اور ریتوراج گائیکواڈ تیسرے نمبر پر بلے بازی کریں گے۔‘‘ واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا کے ممبئی انڈینس کی کپتانی سنبھالنے کے بعد گل نے آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنس کی قیادت کی تھی۔ اب گل کو امید ہے کہ آئی پی ایل میں کپتانی کے تجربے سے انھیں فائدل ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جب میں نے پہلی بار اپنی آئی پی ایل ٹیم کی کپتانی کی تو میں نے بہت سارے سبق سیکھے۔ مجھے اپنے بارے میں اور قیادت کے طریقے کے بارے میں بہت سی باتیں جاننے کو ملیں۔‘‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں