--- 54

’بی جے پی ایودھیا کی طرح گجرات میں بھی شکست کھائے گی‘، احمد آباد میں راہل گاندھی کا خطاب

پارٹی کارکنان سے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’انھوں نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا ہے لیکن ہمیں ڈرنا نہیں ہے، انھوں نے ہمیں چیلنج دیا ہے، چیلنج یہ ہے کہ ہمیں مل کر بی جے پی کو گجرات میں ہرانا ہے۔‘‘
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی آج گجرات دورہ پر ہیں۔ احمد آباد میں انھوں نے آج کانگریس کارکنان سے ملاقات کی اور پھر پارٹی کارکنان کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ بی جے پی پر بھی شدید حملے کیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کیا آپ سوچ سکتے تھے کہ ایودھیا میں بی جے پی ہارے گی، نریندر مودی وارانسی سے جان بچا کر نکلیں گے۔ میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ جیسے بی جے پی ایودھیا میں ہاری، ویسے ہی گجرات میں بھی ہارنے جا رہی ہے۔ گجرات کی عوام کو صرف ایک کام کرنا ہے۔ آپ کو ڈرنا نہیں ہے۔ اگر آپ بغیر ڈرے بی جے پی سے لڑ گئے تو بی جے پی سامنے نہیں کھڑی ہو پائے گی۔‘‘
راہل گاندھی نے گجرات کی عوام سے کہا کہ ’’آپ نے بہت برداشت کیا ہے، بہت لاٹھیاں کھائی ہیں۔ میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ کانگریس کی ٹیم، میں، میری بہن پرینکا، سبھی سینئر لیڈران آپ کے ساتھ یہاں کھڑے ہوں گے۔ سب مل کر ان کی حکومت کو توڑیں گے۔‘‘ انھوں نے کانگریس کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں آپ سے یہاں کہنے آیا ہوں کہ انھوں نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا ہے لیکن ہمیں ڈرنا نہیں ہے۔ انھوں نے ہمیں چیلنج دیا ہے۔ چیلنج یہ ہے کہ ہمیں مل کر بی جے پی کو گجرات میں شکست دینی ہے۔ اب کانگریس پارٹی نریندر مودی اور بی جے پی کو گجرات میں ہرائے گی۔‘‘
راہل گاندھی نے ایودھیا میں بی جے پی کی شکست کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے پارلیمنٹ میں ایودھیا کے رکن پارلیمنٹ سے پوچھا کہ بی جے پی ایودھیا میں کیوں ہار گئی؟ انھوں نے جواب دیا کہ ایودھیا کے لوگوں سے زمینیں چھینی گئیں، لوگوں کے دکان-گھر توڑے گئے اور انھیں معاوضہ نہیں دیا گیا۔ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نام پر کسانوں کی زمین لی گئی، آج تک انھیں معاوضہ نہیں ملا۔ رام مندر کے افتتاح میں ایودھیا کی عوام کو مدعو بھی نہیں کیا گیا۔ اسی لیے ایودھیا کی عوام غصے میں تھی اور انھوں نے بی جے پی کو ہرا دیا۔‘‘ اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے یہ بھی بتایا کہ ایودھیا سے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد کے مطابق نریندر مودی وارانسی سے نہیں بلکہ ایودھیا سے انتخاب لڑنا چاہتے تھے۔ ایودھیا میں اس کے لیے 3 مرتبہ سروے بھی کرایا گیا، لیکن سروے والوں نے کہا کہ اگر نریندر مودی ایودھیا سے انتخاب لڑیں گے تو ہار جائیں گے اور ان کا سیاسی کیریئر ختم ہو جائے گا۔ پھر انھوں نے وارانسی سے ہی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا، اور وہاں سے بھی وہ کسی طرح جان بچا کر نکلے ہیں۔
واضح رہے کہ کانگریس کارکنان کو خطاب کرنے کے بعد راہل گاندھی راجکوٹ گیمنگ زون، موربی پُل حادثہ، سورت آگزنی اور وڈودرا ہرنی بوٹ حادثہ کے متاثرہ کنبوں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد راہل گاندھی کا یہ پہلا گجرات دورہ ہے۔ لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کی تقریر پر شکریہ کی تحریک کے دوران ہی راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اس بار (2027 اسمبلی انتخاب) وہ گجرات میں بی جے پی کو شکست دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں