78 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے موقعہ پر سب سے بڑی ریلی میں 10 ہزار شرکأ کی شرکت
شوپیان// ضلع اِنتظامیہ شوپیاں کی طرف سے آج شوپیاں میں 78 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے موقعہ پر سب سے بڑی ترنگا ریلی منعقد کی گئی جس میں شرکت کے لئے زائد اَز 10,000 شرکأ سپورٹس سٹیڈیم شیرمل شوپیاں میں جمع ہوئے تھے۔ریلی میں شرکأ بشمول طلباء ، سول، پولیس اور نیم فوجی افسران اور اہلکاروں، کارکنوں، سول سوسائٹی کے ارکان، یوتھ آئیکنز، اَساتذہ، عام لوگوں اور دیگرمتعلقین نے قومی پرچم کے احترام کے لئے زبردست جذبے کا مظاہرہ کیا۔ریلی میں لوگوںکی زبردست شرکت دیکھنے میں آئی اور اُنہوںنے قومی پرچم ہاتھ میں اُٹھاکر اگلر فروٹ منڈی کی طرف مارچ کیا جہاں یہ ریلی اِختتام پذیر ہوئی۔عظیم الشان ریلی قومی پرچم سے جڑے جوش و جذبے کا ثبوت تھی۔ یہ ریلی 78 ویں یوم آزادی کی تقریبات سے قبل’’ہر گھر ترنگا مہم‘‘ کا حصہ تھی۔ریلی کی قیادت ضلع مجسٹریٹ شوپیاں فضل الحسیب اور ایس ایس پی شوپیاں تنوشری نے کی اور اِس ریلی میں اے ڈِی ڈِی سی ، اے ڈِی سی اور دیگر ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔اِفتتاحی سیشن کا آغاز دستخطی مہم سے ہوا جس کا اِفتتاح ضلع مجسٹریٹ نے کیا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کی گونج پورے پنڈال میںسنائی دی۔شرکأنے آئین کی اَقدار کو برقرار رکھنے اور قوم کی بہتری کے لئے کام جاری رکھنے کا عہد بھی کیا۔ ترانہ اور حب الوطنی کے نغموں نے جوش میں اِضافہ کرتے ہوئے حاضرین میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید جِلا بخشی۔ترنگا بائیک ریلی بھی اِس ریلی کا حصہ تھی۔ ریلی کا مقصد حب الوطنی کی ترغیب دینا اور ہندوستان کے قومی پرچم کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا تھا۔
19