سری نگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے شہرِ خاص میں کھیلوں کی سہولیات کی ترقی کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے نوجوان کھیلوں کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو عام کرنے کیلئے بہتر سہولیات کے مستحق ہیں ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈاکٹر سلیم الرحمان ، سیکرٹری سپورٹس کونسل نزہت گُل ، ریونیو اور وقف بورڈ کے افسران نے شرکت کی ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ شہر خاص کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ مشیر خان نے مزید ریمارکس دئیے کہ اس علاقے کے نوجوان فطری طور پر باصلاحیت ہیں اور انہیں کھیلوں کی مہارت کو بہتر بنانے کیلئے صرف ہینڈ ہولڈنگ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مطلوبہ انفراسٹریکچر مہیا کیا گیا تو وہ کہیں بھی اپنے ہم منصبوں سے بہتر لیس ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسی تمام سہولیات مہیا کی جائیں جو آنے والے وقت میں کھیل کی ضروریات کوپورا کریں ۔ مسٹر خان نے کھیلوں کو فروغ دینے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے تمام امکانات کو تلاش کریں ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ وہاں کے نوجوانوں کیلئے بہترین سہولیات بہم رکھیں ۔مشیر نے ان پر زور دیا کہ وہ شہر خاص کیلئے ایک کھیلوں کا کمپلیکس تشکیل دیں جس میں متعدد کھیل کھیلنے کی سہولیات ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولیات سرینگر شہر کے اندرونی حصے میں تیار کریں جو تمام کھیل شایقین کیلئے آسانی سے قابلِ رسائی ہے ۔ دونوں اداروں کے سربراہوں نے مشیر کو یقین دلایا کہ وہ سول سوسائیٹی اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ممکنہ جگہ کی تلاش کر کے ضروری انفراسٹریکچر میں اضافہ کریں گے ۔
55