--- 47

لفٹینٹ گورنر نے محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے جائیزہ اجلاس کی صدارت کی

لیفٹنٹ گورنر نے حکام اور تمام اسٹیک ہولڈرزسے کہا کہ وہ سب کیلئے صحت کے ہدف پر توجہ مرکوز کر یں
لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے سینئر افسران اور سرکاری میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کے ساتھ ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں شعبہ جات کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔ لیفٹنٹ گورنر نے عہدیداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ سب کیلئے صحت کے ہدف پر توجہ مرکوز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ صحت کی دیکھ بھال کی خدمات موثر اور مساوی ہوں ۔ انہوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں مختلف اسکیموں کے تحت فنڈز کے استعمال ، نئے سرکاری میڈیکل کالجوں اور دیگر اہم صحت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ لیفٹنٹ گورنر نے عہدیداروں کے ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا تجزیہ کریں اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کے کام کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپلز کو اپنے متعلقہ ہسپتالوں میں طبی آلات کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانا چاہئیے اور بغیر کسی تاخیر کے 3 درجے کے فیکلٹی ڈھانچے کو نافذ کیا جانا چاہئیے ۔ لیفٹنٹ گورنر نے سرکاری ہسپتالوں میں اے بی ۔ پی ایم جے اے وائی ۔ صحت کارڈ کے استعمال کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری اور آن لائن اپوائینٹمنٹس کو ہموار کرنے کی ہدایت دی ۔ کینسر انسٹی ٹیوٹ جموں کی پیش رفت پر میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضروری ساز و سامان خرید لیا گیا ہے اور یہ سہولت اگلے چند مہینوں میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گی ۔ جے اینڈ کے میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ اور ڈرگ ڈی ایڈکشن سنٹرز کے کام کاج کی نگرانی اور تپ دق ( ٹی بی ) اور ایڈز جیسی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے سرشار اقدامات کرنے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں ۔

----

لیفٹنٹ گورنر نے ہسپتالوں ، پیرا میڈیکل اور نرسنگ کالجوں میں انسانی وسائل کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سکمز میں خالی آسامیوں کو جے کے ایس ایس بی اور پی ایس سی کو بھیجا جائے ۔ میٹنگ میں صحت کی دیکھ بھال کے منصوبوں سے متعلق اہم معاملات جن میں کینسر انسٹی ٹیوٹ سکمز سرینگر ، بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال جموں ، ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں میں لیبر روم کی توسیع ، ایل ڈی ہسپتال سرینگر میں 200 بستروں والے اضافی بلاک کی تعمیر ، ہارون میں انٹی گریٹڈ آیوش ہسپتال کو فعال کرنا اور قومی صحت مشن اور آیوشمان بھئو مہم کے تحت درج کردہ کامیابیاں شامل ہیں،پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ لیفٹنٹ گورنر کے مشیر مسٹر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ خزانہ مسٹر سنتوش ڈی ویدیا ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، سیکرٹری صحت ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ ، انتظامی سیکرٹریز ، جی ایم سیز کے پرنسپلز ، ایچ او ڈیز اور سینئر حکام نے ذاتی طور پر اور ورچوئل موڈ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں