3

متعدد عوامی وفود نے وزیر جاوید رانا سے ملاقات کی

عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق ترقیاتی مسائل اُٹھائے

جموں//جموں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد عوامی وفود نے وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد رانا سے ملاقات کی اور انہیں مختلف ترقیاتی مسائل اور مقامی مطالبات سے آگاہ کیا۔آر ایس پورہ کے ایک وفد نے نریش چودھری کی قیادت میں علاقے میں بنیادی ڈھانچے اور ضروری عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق مسائل اُٹھائے۔اُودھمپور سے عبدالغنی تیلی اور شمیم بیگم کی قیادت میں ایک اور وفد نے بھی وزیرموصوف سے ملاقات کی اور کئی مقامی مسائل کو اُجاگر کیا بالخصوص قاسم نگر، راجیو نگر اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی ناکافی فراہمی پر توجہ دِلائی۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے جنگلات سے متعلق کچھ معاملات اور علاقے میں سڑک رابطے کے مسائل بھی پیش کئے۔اِسی طرح کٹھوعہ کے ایک اور وفد جس کی قیادت طالب چودھری کر رہے تھے ، نے وزیر جاوید رانا سے مطالبہ کیا کہ پسماندہ علاقوں کو محفوظ بنانے کے لئے سیلابی تحفظ کے اَقدامات کو مضبوط بنایا جائے۔حاجی فرید کی قیادت میںسانبہ مانسر بیلٹ سے ایک علیحدہ وفد نے خوبصورت مانسر خطے میں ایکو ٹوراِزم کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا اور اسے مقامی معاشی ترقی کے لئے اہم قرار دیا۔وزیر جاوید رانانے تمام وفودکو بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوںپر حل کیا جائے گا۔وزیر موصوف نے حکومت کے جامع اور مساوی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات اور نچلی سطح کے مسائل کا حل اوّلین ترجیح ہے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اُٹھائے گئے مسائل کے فوری اور مؤثر ازالے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں