سری نگر//محکمہ اعلیٰ تعلیم نے وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت وطبی تعلیم سکینہ اِیتو کی جانب سے جموں میں باضابطہ طور پر شروع کی گئی ’’ گرین جموںوکشمیر مشن‘‘کے تحت جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پرشجرکاری مہم چلائی۔ ڈائریکٹوریٹ آف کالجز نے جموں و کشمیر کے کالجوں میں شجرکاری مہم کی عمل آوری کے لئے اِس وژن کے مطابق ایک جامع ایکشن پلان مرتب کیا۔ اِس منصوبے کے تحت تقریباً 145 کالجوں میں لگ بھگ 10,000 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا جس میں اِدارہ جاتی سطح پر فعال شرکت، مناسب پورے لگانے کی جگہوں کی نشاندہی، نگرانی کے مؤثر نظام اور پودوں کی مسلسل نگہداشت شامل ہے تاکہ طویل مدتی ماحولیاتی فوائد کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم رام نواس شرما نے سری نگر میں اَمر سنگھ کالج سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور ایک پودا لگا کر اِس کی شروعات کی ۔ اس مہم کے تحت سپیشل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم شفقت اِقبال اور ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر شیخ اعجاز بشیر نے گورنمنٹ ڈِگری کالج بمنہ اور گورنمنٹ ڈِگری کالج برائے خواتین ایم اے روڈ سری نگر میں پودے لگائے۔اِس اَقدام میں طلبأ، اَساتذہ اور اِدارہ جاتی قیادت نے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس سے ماحولیاتی تحفظ اور دیرپا ترقی کے لئے اِجتماعی عزم کو مزید تقویت ملی۔
8
