مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور جاوید احمد رانانے سرحدی علاقوں میں عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر آج مینڈھر حلقہ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ان اقدامات کا مقصد بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا، رابطے کو بہتر بنانا اور علاقے میں سماجی و اِقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔وزیر موصوف نے مینڈھر میں ایک نئی تعمیر شدہ فوڈ سٹور عمارت کا اِفتتاح کیاجسے پبلک ورکس (آر اینڈ بی ) محکمہ نے سال 2024-25 کے دوران ایف سی ایس اینڈ سی اے سیکٹر کے تحت تعمیر کیا ہے۔یہ تقریباً 151.80 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی عمارت عوامی تقسیم نظام (پی ڈِی ایس) کو مضبوط بنانے میں اہم کردار اَدا کرے گی جس سے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور مقامی آبادی کو ضروری اشیأ کی بہتر فراہمی ممکن ہوگی۔اُنہوںنے خواتین کی تعلیم اور بااختیاری کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر مینڈھر میں 100 بستروں پر مشتمل گرلز ہوسٹل کا بھی اِفتتاح کیا۔ یہ ہوسٹل سماگراہ (پی اے بی ) 2022-23 پروگرام کے تحت 259 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جو طالبات کو محفوظ اور بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرے گا اور علاقے میں تعلیم تک رَسائی کو فروغ دے گا۔وزیر جاوید رانا نے جُگل ۔سلوہ روڈ پر 300 میٹر طویل آر سی سی موٹر ایبل پُل اور کلورٹ کا سنگِ بنیاد رکھا جس پر تقریباً 120 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ اِس منصوبے سے رَسائی میں بہتری آئے گی، آمد و رفت آسان ہوگی اور ملحقہ علاقوں میں اِقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ عوام کو بالخصوص دُور دراز اور سرحدی علاقوں میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔ وزیر جل شکتی نے کہا،’’ہماری حکومت دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان تفاوت کو ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ خطے میں متوازن اور مساوی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘اُنہوں نے جامع ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا جموں و کشمیر کے تمام شعبوں میں بالخصوص دُور دراز اور غیر محفوظ علاقوں میں ترقیاتی خلا کو پُر کرنے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیرموصوف نے اس بات پر زور دیا کہ بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور را بطے میں سرمایہ کاری ترقی کو تیز کرنے اور مجموعی معیارِ زِندگی کو بہتر بنانے کے لئے بہت ضروری ہے۔دورے کے دوران اُنہوں نے کئی جاری منصوبوں کا معائینہ اور جائزہ بھی لیاجن میں بھٹی دھر میں سنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک، کوٹن مینڈھر میں 50 ایم وِی اے، 33/132 کے وِی گرڈ سٹیشن اور ایچ اے ڈِی پی کے تحت ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن کے ساتھ پولی ہاؤسز شامل ہیں۔ اُنہوں نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ لوگوں کو جلد از جلد ان کے فوائد حاصل ہو سکیں۔وزیر نے مزید یقین دِلایا کہ حکومت عوامی خدمات کو مضبوط بنانے اور سرحدی علاقوں میں ہمہ جہتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے عوام دوست اَقدامات کو ترجیح دیتی رہے گی۔اِس تقریب میں ضلع اور محکمہ جاتی اَفسران کے علاوہ سینئر اَفسران نے شرکت تھے جن میںضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک شرما، چیف اِنجینئرآئی اینڈ ایف سی جموں منوج گپتا، چیف اِنجینئر جل شکتی جموں حنیف چودھری، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں گل سعید، چیف اِنجینئر (ڈِسٹری بیوشن) جے پی ڈِی سی ایل ارشد حسین ریشی اور چیف اِنجینئر (پروجیکٹ) جے پی ڈِی سی ایل روی کانت شامل تھے۔
4
