90

کشمیر کے ہینڈی کرافٹ ڈیلرز کو مشین سے بنی اشیاءکو ہٹانے کیلئے 7 دِن کی مہلت اور خلاف ورزی پر بلیک لسٹنگ اور رجسٹریشن منسوخی کی وارننگ

تمام غیر رجسٹرڈ کرافٹ ڈیلروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اَپنے اِداروں کی رجسٹریشن کیلئے کوالٹی کنٹرول وِنگ سے رجوع کریں
سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر نے آج ایک غیر معمولی اقدام کے تحت ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کشمیر کے دستکاری ڈیلروں کو اپنے شو روموں سے تمام مشین سے بنی مصنوعات جن میں زیادہ تر ترکی اور ایران سے درآمد کی جاتی ہیں ، کو ہٹانے کے لئے 7 دِن کی حتمی مہلت دی گئی ہے ۔ محکمہ نے انتباہ کیا کہ ناکام ہونے پر اُنہیں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں پر بلیک لسٹ کرنے اور رجسٹریشن منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔یہ نوٹس نمبر ایچ اینڈ ایچ ڈِی/ ڈِی ڈِی کیو سی / ٹی ٹی اے / 95/2025 بتاریخ25؍ جولائی 2025 کے تحت جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو جموں و کشمیر ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ 1978 کے تحت رجسٹریشن دی گئی ہے تاکہ آپ اپنی دکانوں پر کشمیری ہینڈی کرافٹ اشیأ فروخت کر سکیں۔ آپ نے رجسٹریشن کے عمل کے دوران ایک حلف نامہ جمع کیا ہے کہ آپ صرف اصلی کشمیری ہینڈی کرافٹ مصنوعات ہی نمائش اور فروخت کریں گے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ انسپکشنوں کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا کہ متعدد ڈیلرز مشین سے بنی ہوئی مصنوعات کو اصلی کشمیری ہینڈی کرافٹس ظاہر کر کے فروخت کر رہے ہیں جو کہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایسی سرگرمیاں کشمیری ہینڈی کرافٹ کی ساکھ اور اعتبار کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر کے ایک سرکاری ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ان خلاف ورزیوں کے تناظر میںمتعلقہ ڈیلروں پر جموں و کشمیر ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ 1978 کے تحت جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم، ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی اور کوالٹی کنٹرول ڈویژن کی اِنسپکشن ٹیم نے شہر کے مختلف مراکز جیسے نشاط، نہرو پارک اور منور آباد میں واقع شوروموں کا دورہ کیا اور وہاں فوری طور پر مشینی اشیأ ہٹانے کی ہدایت دی۔ خلاف ورزی پر شوروموں کو بلیک لسٹ اور ڈی رجسٹر کیا جائے گا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کشمیری ہینڈی کرافٹس کی کئی اقسام جی آئی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہیں تاکہ ان کی اصل شناخت محفوظ رہے۔ ان کی مستند فروخت کے لئے پی ٹی کیو سی سی، آئی آئی سی ٹی اور کوالٹی کنٹرول لیبارٹریوںکے ذریعے جی آئی پر مبنی کیو آر کوڈ لیبلنگ متعارف کی گئی ہے۔ تاہم حالیہ دِنوں میں ایک ڈیلر نے ایک مشینی قالین پر جعلی کیو آر لیبل چسپاں کر کے اسے اصلی ہینڈ میڈ پروڈکٹ ظاہر کیا جس پر اسے بلیک لسٹ اور ڈی رجسٹر کیا گیا۔نوٹس کے مطابق تمام رجسٹرڈ ڈیلروںکو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سات دن کے اندر مشین سے بنی اشیاء اپنی دکانوں سے ہٹا دیں اور صرف مستند کشمیری ہینڈی کرافٹ مصنوعات کی نمائش اور فروخت کو یقینی بنائیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ نوٹس متعلقہ کشمیر ہینڈی کرافٹ ڈیلروں کو ہدایت کرتا ہے ہ تمام متعلقہ دستاویزات بشمول جی آئی لیبلنگ سرٹیفیکیٹ دکانوں میں واضح طور پر آویزاں کئے جائیں۔ترجمان نے نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہینڈی کرافٹ،ہینڈلوم زُمرے میں رجسٹرڈ دکانوں میں مشین سے بنی مصنوعات کی فروخت یا نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔جعلی کیو آر کوڈز چسپاں کرنے یا مشینی لیبل ہٹانے جیسی خلاف ورزیوں پر کوالٹی کنٹرول ایکٹ، جی آئی ایکٹ، ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ اور بھارتیہ نیایا سنہیتا کے تحت کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ہدایت کی خلاف ورزی کی صورت میں رجسٹریشن کی منسوخی، بلیک لسٹنگ، جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مزید برآں،تمام غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد و ہاکروں جو کشمیری ہینڈی کرافٹس کے کاروبار میں ملوث ہیں، کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوراً کوالٹی کنٹرول ڈویژن، محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر سے رجوع کریں تاکہ وہ جموں و کشمیر ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ 1978 کے تحت اَپنی رجسٹریشن کروا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں