سری نگر//چیف جسٹس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس ارون پَلی نے انتظامی جج برائے ضلع سری نگرجسٹس سنجیو کمارکے ہمراہ ڈِسٹرکٹ کورٹ سری نگر کا دورہ کیا۔ یہ دورہ نچلی سطح پر عدلیہ کو مضبوط بنانے اور مؤثر و بہ آسانی انصاف کی فراہمی کویقینی بنانے کے لئے ہائی کورٹ کے عزم کو تقویت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔چیف جسٹس کا ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس سری نگر پہنچنے پر پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سری نگر اور دیگر عدالتی افسران نے والہانہ اِستقبال کیا۔چیف جسٹس کے ہمراہ رجسٹرار جنرل ( قائمقام )ہائی کورٹ موہندر کمار شرما اور رجسٹرار ویجی لنس راجیو گپتا بھی تھے، جنہوں نے چیف جسٹس کے ساتھ عدالت کے اِنتظامی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے عدالتی سہولیات کا معائینہ کیا اور ڈِسٹرکٹ عدلیہ کے اراکین سے ملاقات کی اور قانون کی عملداری اور بروقت اِنصاف کی فراہمی کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا۔اِس موقعہ پر چیف جسٹس نے عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے عدالتی کارروائیوں میں ٹیکنالوجی کے اِستعمال، جلد مقدمات کے فیصلے اور عوام دوست ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے جوڈیشل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی عدلیہ عوام اور عدلیہ کے درمیان پہلا رابطہ ہے اور اس میں دیانتداری، حساسیت اور مؤثریت اِنتہائی ضروری ہیں تاکہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد برقرار رہے۔دورے کے دوران چیف جسٹس نے عدالت کمپلیکس میں شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا جو ماحولیاتی استحکام اور سرسبز عدالتی ڈھانچے کے عزم کی علامت ہے۔چیف جسٹس اور جسٹس سنجیو کمار نے عدالت کے احاطے میں پودے لگائے جبکہ کئی عدالتی افسران اور عملہ بھی اس موقعہ پر موجود تھا۔
