سری نگر//وزیر برائے محکمہ زراعت، دیہی ترقی اور پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے آج ضلع شوپیان کے ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں اور پلوامہ میں آگ سے متاثرہ فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد نقصانات کا جائزہ لینا اور متاثرہ کسانوں اور تاجروں کو بروقت امداد و بحالی فراہم کرنا تھا۔شوپیان کے متعدد دیہات جیسے ودی پورہ، ریشی پورہ، دراونی، وویان، بندپاوہ، ہندیو، ناگبل، دھوبی پورہ، داچیو، وارپورہ، گنڈی درویش اور حشن پورہ شدیدژالہ باری کی زد میں آ کر فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ وزیر موصوف نے متاثرہ کسانوں سے بات چیت کی اور متعلقہ فیلڈ افسران کو ہدایت دی کہ نقصانات کا مکمل جائزہ لے کر جلد از جلد تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ریلیف کی فراہمی میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف نے کسانوں کی جانب سے سیب کو فصل بیمہ سکیم میں شامل کرنے کے مطالبے کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دہانی کی کہ اس پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تاکہ آفاتِ سماوی سے ہو ئے نقصانات کی تلافی ممکن ہو سکے۔اُنہوں نے مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ماہرین پر مشتمل تکنیکی ٹیمیں تشکیل دینے اور کسانوں کو آفات سے بچاؤ اور فصلوں کے تحفظ کے حوالے سے بیداری مہمات اور تکنیکی رہنمائی فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔بعد میں وزیر نے پلوامہ کی فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈی کا دورہ کیا جو حالیہ آتشزدگی کی زد میں آئی تھی۔ اُنہوں نے موقعہ پر جا کر جائزہ لیا اور تاجروں و انجمن کے نمائندوں کے مسائل سنے۔وزیر موصوف نے ان کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے منڈی میں نگرانی کے لئے فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔وزیرجاوید احمد ڈار کے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی زینہ پورہ شوکت حسین گنائی،رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور حسنین مسعودی، ممبر قانون ساز اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر، ڈِی ڈِی سی ممبران راجپورہ و پانپور،ضلع ترقیاتی کمشنر ذاکر حسین فاض، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ، ایس ڈی ایم، اے سی ڈی، سی اے او، سی ایچ او و دیگر افسران بھی تھے۔
