4

لیفٹیننٹ گورنر نے اِنڈین سوسائٹی فارٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے جموں چپٹرکا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے آئی ایس ٹی ڈِی کے جموں چپٹر سے کہا کہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اَنٹرپرینیور شپ پر توجہ مرکوز کرے اور مقامی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر مسابقتی بنائے
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھ کے روز شراکت داروںکو ہدایت دی کہ وہ باہمی تعاون کو ترجیح دیں اور ایسا ماحول پیداکریں جہاں نیٹ ورکنگ، بہترین طریقۂ کار، قومی و بین الاقوامی تجربات اور مشترکہ تربیتی پروگراموں کے ذریعے ایک مضبوط پیشہ ور کمیونٹی کی تعمیر کی جا سکے۔اُنہوں نے کہا،’’آج کے چیلنجز پیچیدہ اور کثیر جہتی ہیں۔ ان کا حل صرف اجتماعی کوششوں سے ممکن ہے اور ہمیں جموں و کشمیر کی تیز رفتار ترقی کے لئے اسی سمت میں کام کرنا ہوگا۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد اِکٹھے ہوں تاکہ غور وخوض کریں ، تجربات کا اِشتراک کریں اورمشترکہ طورپر مسائل کا حل تلاش کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ تعاون اور بات چیت کے ذریعے ہم یونین ٹیریٹری کے لئے ایک مضبوط اور جامع ترقیاتی ماڈل تشکیل دے سکتے ہیں۔اُنہوں اِن باتوں کا اِظہار آج پدم شری پدما سچدیو گورنمنٹ پی جی کالج برائے خواتین گاندھی نگر جموں میں منعقدہ ’اِنڈین سوسائٹی فار ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے جموں چیپٹر‘ کی اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے نئی شروعات کے لئے اِنڈین سوسائٹی فار ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ( آئی ایس ٹی ڈِی )کی پوری ٹیم کو مُبارک باد دِی۔ اُنہوں نے کہا کہ آئی ایس ٹی ڈِی کا جموںچپٹر سیکھنے اور ترقی کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار اَدا کرے گا اوریہ جموں کو تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے علاقائی مرکز کے طور پر اُبھارے گا۔اُنہوںنے آئی ایس ٹی ڈِی کے جموں چپٹر کو ہدایت دی کہ وہ روزگار کے مواقع پیداکرنے اور انٹرپرینیورشپ پر توجہ مرکوز کرے اور مقامی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر مسابقتی بنائے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’مستقبل چیلنجوں سے بھرا ہوا ہے لیکن اس میں بے شمار مواقع بھی ہیں۔ ہمیں ان مواقع سے فائدہ اُٹھانے کے لئے خود کو تیار رکھنا ہوگا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف علم فراہم کرنا نہیں بلکہ طلبأ کو زِندگی کے چیلنجوں اور مواقع کے لئے تیار کرنا بھی ہے۔منوج سِنہا نے کہا،’’ہمیں سافٹ سکلز، تحقیق، اَنٹرپرینیورشپ اور سٹارٹ اَپ کلچر پر توجہ دینی چاہیے۔ تعلیمی شعبے کو رہنمائی اور اکیڈمیا واِنڈسٹری کے باہمی تعاون کے ذریعے وسیع تبدیلی لانی ہوگی۔‘‘اُنہوں نے آئی ایس ٹی ڈِی کے اراکین پر زور دیاکہ وہ جموں و کشمیر کے صنعتوں، سٹارٹ اپس اور زرعی شعبے میں تربیت، تحقیق اور تعاون پر خصوصی توجہ دیں تاکہ پیداواریت اور مارکیٹ سے روابط کو بہتر بنایا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’صنعتی نظام تیزی سے بدل رہا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ جموں و کشمیر اَپنی صنعتی ترقی کے ئے نئی مہارتوں میں مسلسل سرمایہ کاری کرے۔ ہمیں اَپنے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی، سائنسی طریقوں اور وسائل کے مؤثر اِستعمال کی تربیت دینی ہوگی تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کے بحران اور مٹی کے معیار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ ساتھ ہی انہیں کم وسائل میں زیادہ پیداوار حاصل کرنے اور اَپنی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ کی تربیت دینی ہوگی۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے اور آج عوام اس سے شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامی نظام کو بھی وقت کے ساتھ ترقی کرنی چاہیے اور مکمل طور پر عوام دوست ہونا چاہیے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کہا،’’ہمیں اَفراد اور اِداروں کو بااِختیار بنانا ہوگا تاکہ وہ اُبھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں اور ہندوستان کو دُنیا کی عظیم ترین قوم بنانے کا خواب پورا ہو سکے۔ یونیورسٹیوںاور اِداروں کو آئی ایس ٹی ڈِی کے ساتھ مل کر اس عزم کو عملی شکل دینی ہوگی۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ تمام تبدیلیوں کے باوجود ایک حقیقت قائم ہے کہ کسی بھی ریاست، قوم یا اِدارے کے لئے سب سے مؤثر ذریعہ نہ صرف ٹیکنالوجی، سرمایہ یا قدرتی وسائل ہیں بلکہ تربیت یافتہ، ترقی یافتہ اور بیدار ذہن بھی ہیں۔اِفتتاحی تقریب میں قومی صدر آئی ایس ٹی ڈِی اتل شاہ، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں اور سرپرست آئی ایس ٹی ڈِی جموں چپٹر پروفیسر کے ایس چندر شیکھر، چیئرمیں آئی ایس ٹی ڈِی جموں چپتر پروفیسر اشوک آئمہ،ریجنل وائس پریذیڈنٹ ( نارتھ ) آئی ایس ٹی ڈِی انکیتا شرما، نائب چیئرپرسن پروفیسر ہردیپ چہل،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شاہد مشتاق اور آئی ایس ٹی ڈِی جموں چپٹر کے دیگر اراکین،سینئر اَفسران، تعلیمی اِداروں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں طلبأ نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں