سرینگر//وی او آئی//جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ مالی برسوں کے دوران کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کے تحت مجموعی طور پر 282.24 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار لوک سبھا میں پیش کیے گئے، جن کے مطابق خطے میں سی ایس آر کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ درج ہوا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق 2019-20 میں 25.27 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جو 2020-21 میں بڑھ کر 35.56 کروڑ، 2021-22 میں 50.68 کروڑ، 2022-23 میں 72.19 کروڑ اور 2023-24 میں 98.54 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ اس طرح پانچ برسوں میں مجموعی خرچ 282.24 کروڑ روپے رہا۔ لداخ کے لیے الگ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ 2019-20 میں 14.84 کروڑ، 2020-21 میں 11.72 کروڑ اور 2021-22 میں 30.41 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ بعد کے دو برسوں کا ڈیٹا ابھی جمع نہیں ہوا۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کیرن رجیجو نے وضاحت کی کہ سی ایس آر مکمل طور پر کمپنیوں کے بورڈ کے فیصلوں پر مبنی ہے اور حکومت کسی مخصوص برادری یا اقلیت کے لیے کوئی اسکیم نہیں چلاتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ رہنما خطوط میں کسی تبدیلی یا کمیونٹی مخصوص تقاضوں کو شامل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ ملک گیر سطح پر بھی سی ایس آر خرچ میں اضافہ ہوا ہے، جو 2019-20 میں 24,965.82 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2023-24 میں 34,908.75 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ مہاراشٹر، کرناٹک، گجرات، تمل ناڈو اور دہلی سب سے زیادہ سی ایس آر فنڈز حاصل کرنے والے ریاستوں میں شامل ہیں، جبکہ پین انڈیا زمرہ بھی نمایاں رہا۔
3
