2

کشمیر میں شدید سردی کی لہر، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے

سرینگر/وی او آئی//وادی کشمیر میں سردی کی شدید لہر نے اپنی گرفت مزید سخت کر لی، جب درجہ حرارت کئی علاقوں میں نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا اور اس موسم کی سب سے سرد رات ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.9 ڈگری، پہلگام میں منفی 3.6، گلمرگ میں منفی 5.5 اور بارہمولہ میں منفی 4.5 ڈگری رہا۔ سب سے زیادہ سردی زوجیلا پاس پر ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 18 ڈگری تک گر گیا۔ جموں خطے میں بھی سردی کا زور برقرار ہے، جہاں بھدرواہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری اور راجوری میں 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ کے لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 5.5 اور منفی 5.1 ڈگری درج ہوا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 12 دسمبر تک وادی میں خشک موسم رہے گا، تاہم 13 سے 15 دسمبر کے دوران شمالی اور وسطی کشمیر کے بلند علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ 16 سے 18 دسمبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ 19 سے 21 دسمبر کے دوران مخلوط موسمی حالات متوقع ہیں۔ سردی کی شدت کے ساتھ ہی وادی کے لوگ “چلہ کلان” کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 21 دسمبر سے شروع ہونے والا 40 روزہ سخت ترین سردیوں کا دور ہے۔ اس دوران وادی میں شدید برفباری اور یخ بستہ ہوائیں عام طور پر زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں