کہا، ڈاکٹر مکھر جی جدید ہندوستان کے معمار، تعلیم داں اور نڈر پارلیمنٹرین تھےسری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ٹیگور ہال سری نگر میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی 125ویں یومِ پیدائش کی تقریب میں شرکت کی اور انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی ایک بصیرت مند سیاست داں، عظیم تعلیم داں اور نڈر پارلیمنٹرین تھے جن کے نظریات آج بھی ہندوستان کی سمت و تقدیر کو متعین کر رہے ہیں۔ ان کا گہرا علم، اور سماجی ہم آہنگی اور ہم آہنگی کے لئے پُرعزم وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ڈاکٹر شیاما پر ساد مکھرجی کی زندگی و خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک دو سالہ مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ان کے اتحادِ وطن، ’ایک قوم، ایک آئین‘ کے اصول اور قومی وحدت کے لئے دی گئی قربانی کو اُجاگر کیا جا سکے۔اُنہوں نے کہا،’’ڈاکٹرشیاما پرساد مکھرجی نے جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے لئے اَپنی جان قربان کی۔ وہ آرٹیکل 370 کے شدید مخالف اور ’ایک قوم، ایک آئین‘ کے زبردست حامی تھے۔ اُن کی شہادت ایک فیصلہ کن تاریخی لمحہ تھا۔‘‘
منوج سِنہا نے کہا ،’’ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کا خواب وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی شہادت کے 66 سال بعد پورا کیا۔ آج ہندوستان ایک مضبوط، متحد اور ترقی یافتہ ملک بننے کے سفر میں ان کے نظریات پر عمل پیرا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اگست 2019ء کے بعد جموں و کشمیر میں جو ترقیاتی اقدامات ہوئے ہیں وہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے خواب اور وزیر اعظم مودی کے عزم کے مطابق ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ڈاکٹرشیاما پرساد مکھرجی ایک امتیازی سلوک سے پاک جموں و کشمیر کا خواب رکھتے تھے جہاں عوام ترقی اور قومی تعمیر میں پوری طرح شامل ہوں۔ آج جموں و کشمیر نئی ترقیاتی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔‘‘اُنہوںنے ڈاکٹر مکھرجی کی تعلیم، سیاست، صنعت، ثقافت اور قومی فکر میں دی گئی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا،’’وہ ہندوستان کی صنعتی ترقی کے معمار تھے اور خود کفیل ہندوستان کے خواب کی بنیاد رکھنے والے رہنما تھے۔‘‘اُنہوں نے محکمہ ثقافت، سکولی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہدایت دی کہ جولائی 2025ء سے جولائی 2027ء تک ہر سکول، کالج اور یونیورسٹی میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی زندگی اور خدمات پر نمائشیں اور لیکچرز منعقد کئے جائیں۔
منوج سِنہانے کہا،’’ڈاکٹر مکھرجی نے سری نگر میں اَپنی جان دی، جموں و کشمیر ان کے اس احسان کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ نئی نسل کو ان کی قربانی اور ویژن سے واقف کرنے کے لئے تعلیمی اداروں میں ہفتہ بھرکی تقریبات اور ان کی زندگی کے سفر کی عکاسی کرنے والی تھیٹر پرفارمنس کا اِنعقاد کیا جانا چاہیے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے نئی فوجداری قوانین کا کشمیری زبان میں ترجمہ جاری کیا۔ اس کے ساتھ ہی آئی جی این سی اے ریجنل آفس اور محکمہ ثقافت کی جانب سے ڈاکٹر شیاپرسادمکھرجی کی زِندگی اور کارناموں پر مشتمل ایک نمائش بھی منعقد کی گئی۔
تقریب میں چیف سیکرٹری اتل ڈولو، ممبران قانون ساز اسمبلی وِکرم رندھاوا اور ستیش شرما، چیئرپرسن وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اندرابی، پرنسپل سیکرٹری ثقافت برج موہن شرما،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے بدھوری ،سیکرٹری کلچرل اکیڈیمی ہرویندر کور، دیگر سیاسی و سماجی رہنما، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے اَفسران اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔