53

ستیش شرما کی گوگل اِنڈیا لیڈر شپ سے ملاقات

جموںوکشمیر میں نوجوانوں کو بااِختیار بنانے ، روزگار کے مواقع اور ڈیجیٹل اِختراع پر تبادلہ خیال سری نگر//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِصارفین ، ٹرانسپورٹ ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل ترقی اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے مقصد سے آج گوگل اِنڈیا کے کنٹری ڈائریکٹر اشیش واتل اور ہیڈ نارتھ سٹیٹس پبلک سیکٹر سنجے دیوان سے ملاقات کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے گوگل کے ساتھ اِشتراک کے امکانات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ڈیجیٹل شمولیت، کاروباری مواقع اور روزگار پید ا کرنے کو فروغ دینے کے لئے مثبت سمت میں بروئے کار لانا حکومت کی ترجیح ہے۔وزیر ستیش شرما نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے اور ہماری اوّلین ترجیح ہے کہ ان کی توانائی کو پیداواری اور اِختراعی شعبوں کی طرف راغب کیا جائے۔ گوگل جیسے عالمی ٹیکنالوجی قائدین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری سے ہمیں ہنر مندی، ڈیجیٹل تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘اُنہوں نے گوگل پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر خصوصی ہنر مندی پروگرام، ڈیجیٹل خواندگی مہمات اور ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری ماڈلوں پر بالخصوص دیہی اور دُور افتادہ علاقوں میں کام کرے۔گوگل کی ٹیم نے ہندوستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت جموں و کشمیر کے ساتھ کام کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اُنہوں نے طالب علموں، پیشہ ور اَفراد اور خواہشمند کاروباری اَفراد کی خاطر خطے کے لئے مخصوص تربیتی پروگراموں، ورکشاپوں اور سر ٹیفکیٹ کورسوںکو ڈیزائن کرنے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کی۔وزیر موصوف نے آئی ٹی محکمے کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ گوگل کے ساتھ اِشتراک کے لئے ایک جامع عملی منصوبہ تیار کریں جس میں آئی ٹی ایجوکیشن، کلاؤڈ ٹریننگ، آرٹیفیشل اِنٹلی جنس کی ایپلی کیشنز اور یوتھ انوویشن لیبز جیسے ممکنہ پائلٹ منصوبے شامل ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں