سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ’’ کرگل وِجے دیوس‘‘کے موقعہ پرملک کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے پیغام میں 1999 کی ’’آپریشن وجے‘‘ جسے کرگل جنگ بھی کہا جاتا ہے ،میں ہندوستان کی فتح کے دوران آرمڈ فورسز کے بہادر جوانوں اور اَفسروں کی بے مثال بہادری اور قربانی کے جذبے کو یاد کیا۔اُنہوں نے کہا،’’کرگل وِجے دوس کے موقعہ پر میں اَپنے شہدأ کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کی بہادری، جرأت اور قربانی کوبھی سلام پیش کرتا ہوں۔ ہمارے ہیروز نے دنیا کے سب سے مشکل خطوں میں دشمن سے لڑ کر فتح حاصل کی۔ ہمارے فوجیوں کی شجاعت، دلیری اور عظیم قربانی آنے والی نسلوں کے لئے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔‘‘
