وزیر کا جی ایچ ایس ایس ڈِی کے بی پورہ پی ٹی ایم سے خطاب
کولگام//وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول (جی ایچ ایس ایس) ڈِی کے مارگ کولگام میں نئے تعمیر شدہ سائنس بلاک کا اِفتتاح کیا اور پیرنٹ ٹیچر ز میٹ( پی ٹی ایم) میں بھی شرکت کی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، چیف ایجوکیشن آفیسر کولگام ، پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ڈِی کے مارگ، ایس ڈِی ایم ڈِی ایچ پورہ، ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، اَساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبأ و طالبات موجود تھے۔وزیر تعلیم نے کلسٹر پی ٹی ایم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم کی ہر ایک تک رَسائی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے اور تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے مؤثر اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھر میں تعلیمی اِداروں میں جدید اور سہولیات سے آراستہ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی جاری ہے۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ طلبأ میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور حکومت تعلیم اور صحت شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ دیہی اور دُور افتادہ علاقوں کے طلاب کو بھی مواقع دئیے جائیں گے تاکہ وہ اَپنی صلاحیتوں کا مثبت انداز میں اظہار کر سکیں۔اُنہوں نے اَساتذہ کے کردار کو بھی اُجاگر کیا اور کہا کہ اَساتذہ اور طلبأ کے درمیان اعتماد اور احترام پر مبنی مضبوط رشتہ تعلیمی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سکولوں میں بنیادی سہولیات جیسے واش روموں، باڑ لگانے ، اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ بہتر تعلیمی ماحول قائم کیا جا سکے۔
اِس موقعہ پر وزیر تعلیم نے ڈِی ایچ پورہ اور اِس کے آس پاس کے علاقوں جیسے اہربل، کونگ وطن ، کوثر ناگ اور پنچن پتھری کی سیاحتی صلاحیتوں کو بھی اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِن علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اَقدامات کئے جائیں گے اور مقامی نوجوانوں کو سیاحت سے جڑی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی تاکہ اُنہیں خود روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکیں اور مقامی معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے این اِی اِی ٹی اِمتحان میں کامیاب حاصل کرنے والے طالب علم اور ایک کھلاڑی کو بھی اعزاز سے نوازا۔بعد میں وزیر نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کے بی پورہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں منعقدہ پی ٹی ایم میں شرکت کی ۔
وزیر سکینہ اِیتو نے اَپنے خطاب میں کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر کی ہمہ جہت ترقی کے لئے پُرعزم ہے اور تعلیم و صحت شعبے حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سکولوں اور ہسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے اور عملے میں اِضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اِس موقعہ پر وزیرموصوفہ نے جسمانی طور خاص بچوں (سی ڈبلیو ایس این) میں اِمدادی سامان اور آلات بھی تقسیم کئے۔