12

دیہی ترقی محکمہ نے این ایم ایم ایس منریگا ایپ کے خلاف کارروائی کی اور ایف آئی آر درج کی گئی

سری نگر//جموں و کشمیر میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ ( ایم جی این آر اِی جی اے) کی عمل آوری کی نگرانی کرنے والے دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ نے صوبہ کشمیر میں’’نیشنل موبائل مانیٹرنگ سسٹم (این ایم ایم ایس)کی جعلی اور غیر مجاز ایپلی کیشنز کے غلط اِستعمال پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔محکمہ کے حکام کے مطابق یہ جعلی ایپلی کیشنز لوگوں کو پیسے کے عوض فروخت کی جا رہی ہیں اور مبینہ طور اِس سکیم کے تحت کارکنوں کے جعلی حاضری ریکارڈ بنانے کے لئے اِستعمال کی جاتی ہیں۔حکام نے کہا،‘‘ایسی کارروائیاں نہ صرف منریگاکی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ نظام کی شفافیت اور اعتبار پر بھی سنگین اثر ڈالتی ہیں۔‘‘محکمہ نے اِس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کرائم برانچ ، جموںوکشمیر پولیس کے سائبر انویسٹی گیشن سینٹر آف ایکسی لینس (سی آئی سی اِی) کے پاس ان جعلی ایپس کو فروغ دینے اور اِستعمال کرنے میں ملوث مشتبہ نمبروں اور نامعلوم اَفراد کے خلاف فرسٹ اِنفارمیشن رِپورٹ( ایف آئی آر) درج کی ہے ۔حکام نے اِس بات کا اعادہ کیا ہے کہ صرف سرکاری این ایم ایم ایس ایپلی کیشن جو مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی ہے، کو منریگا (ایم جی این آر اِی جی اے) کے تحت حاضری ریکارڈ کرنے کے لئے مجاز قرار دیا گیا ہے۔اُنہوں نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جعلی یا غیر مجاز ایپلی کیشن کے اِستعمال پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔محکمہ نے لوگوں بالخصوص منریگا سے وابستہ اَفراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور اس قسم کی کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اِطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔حکام کے مطابق یہ اَقدام جموں و کشمیر میں منریگا کی عمل آوری میں مکمل شفافیت اور جوابدہی بحال کرنے کے لئے اُٹھایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں