11

ستیش شرما نے یومِ قومی کھیل کے سلسلے میں مختلف سرگرمیوں کا اعلان کیا

سری نگر//وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، خوراک ، شہری رسدات و اَمور صارفین،آئی ٹی ، ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے ملک بھر میں کھیلوں اور جسمانی صحت کو فروغ دینے کے اَقدام کے تحت جموں و کشمیر بھر میں 29 ؍اگست کو قومی یومِ کھیل اور 31 ؍اگست کو کمیونٹی فٹنس ڈے کے سلسلے میں متعدد پروگراموں کے اِنعقاد کا اعلان کیا۔وزیر موصوف نے یہ اعلان مرکزی وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کی صدارت میں منعقدہ ایک ورچوئل میٹنگ میں شر کت کرتے ہوئے کیا جس میں ملک بھر میں تقریبات کے فراہم ورک کو حتمی شکل دینے کے لئے کی مختلف ریاستوں اور یوٹیزکے وزرائے کھیل نے شرکت کی۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ ، سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل نُزہت گل، اور دیگر سینئر افسراَن بھی موجود تھے۔ستیش شرما نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ہفتہ بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں کا مقصد عوام میں فٹنس کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ، کھیلوں میں نچلی سطح پر شرکت کو فروغ دینا اور نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند طرزِ زِندگی کی اَقدار کو فروغ دینا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سکولوں، کالجوں اور کمیونٹی اِداروں میں صبح کی اسمبلیاں، میجر دھیان چند کو خراجِ عقیدت، فٹنس کے عہد، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں، دیسی کھیلوں، یوگا سیشن، سائیکلنگ ایونٹس اور کمیونٹی واک کا اِنعقاد کیا جائے گا۔اُنہوں نے مزید کہا،’’زیادہ سے زیادہ شمولیت اور مؤثر نتائج کو یقینی بنانے کے لئے ہر ضلع میں مخصوص اَفراد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ فِٹ اِنڈیا موومنٹ کے تحت نوجوانوں کی شمولیت کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں کی فٹنس سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔‘‘وزیر موصوف نے کہاکہ ان تقریبات میں ڈیجیٹل شمولیت کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا جن میں سوشل میڈیا پلیٹ فارموں، تشہیری ٹیگ لائنز اور فِٹ اِنڈیا موبائل ایپ کے ذریعے فِٹنس اسسمنٹس پر مہم چلائی جائے گی۔ تمام سرگرمیوں اور کامیابیوں کو دستاویز کیا جائے گابشمول تمغے کی تعداد اور فوٹو گیلریز اور ریکارڈ اور شفافیت کے لئے اِدارہ جاتی لاگ اِن کے ذریعے فِٹ اِنڈیا پورٹل پر اَپ لوڈ کی جائیں گی۔کابینہ وزیر ستیش شرما نے جموں و کشمیر حکومت کے ویژن کو دہراتے ہوئے کہا،’’قومی یومِ کھیل نہ صرف عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند جی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقعہ ہے بلکہ یہ کھیلوں اور فِٹنس کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کا دِن بھی ہے۔ ہم اس تقریب کو عوامی تحریک بنانے کے لئے پُرعزم ہیں جس میں ہر گاؤں، ہر نوجوان اور ہر شہری سرگرم حصہ لے۔ کھیل اور فٹنس سب کے لئے طرزِ زندگی بننا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے جموں و کشمیر بھر کے اِداروں، کمیونٹیوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور ان پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ قومی یومِ کھیل۔ 2025 اور کمیونٹی فٹنس ڈے کی تقریبات کو شاندار کامیابی حاصل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں