وزیر اعلیٰ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیکر معاملہ ہماچل پردیش سرکار سے اُٹھائیں۔ پی ڈی پی صدر
سرینگر// ہماچل پردیش میں کشمیری تاجروںکو ہراسیاں کئے جانے کے معاملے لگاتار سامنے آنے پر سابق وزیر اعلی اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اس معاملے کو تشویشناک قراردیکر معاملہ پر وزیر اعلیٰ کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے اور یہ معاملہ ہماچل پردیش سرکار سے اُٹھانے کی درخواست کی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے آج کشمیری شال بیچنے والوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جنہیں ان کے مطابق دائیں بازو کے گروہوں کی طرف سے ہراساں، حملہ اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔محبوبہ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کشمیریوں کو ہندوستان کے مرکزی دھارے سے مزید دور کر دیں گے، اور جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے وزرائے اعلیٰ سے مداخلت کرنے کی اپیل کی۔محبوبہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ہماچل پردیش کے بلاس پور ضلع میں کشمیری شال بیچنے والوں کو دائیں بازو کے گروہوں کی طرف سے ہراساں کیے جانے، مارپیٹ اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ مناسب دستاویزات کے باوجود، انہیں کاروبار کرنے سے روکا جا رہا ہے اور بے دخل کیا جا رہا ہے،‘‘ انہوںنے مزید لکھا کہ یہ اس طرح کا تیسرا واقعہ ہے، جو ٹارگٹڈ تشدد کے ایک تشویشناک انداز کو اجاگر کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیکر کشمیری تاجروں، طلبہ اور دیگر افراد کی وادی سے باہر حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائیں۔
