1

نورالعین ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے 30 یتیم و غریب بچیوں میں شادی کٹس تقسیم

مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں متعدد شخصیات سمیت شفاعت بٹ اور لطیف لون ایوارڈ سے سرفراز
سرینگر/شفاعت بٹ//نورالعین ویلفیئر فاؤنڈیشن سرینگر کی جانب سے اتوار ایک پْروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں 30 یتیم اور غریب بچیوں میں شادی (میریج) کٹس تقسیم کی گئیں۔ یہ تقریب انسانی ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کی ایک عمدہ مثال تھی، جس میں وادی کے معزز شہریوں، سماجی کارکنوں، علما کرام اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف مذہبی اسکالر مولانا مبشر احمد ویری تھے، جبکہ ظہور احمد وگے، ماجد احمد سلفی اور اظہر احمد مہمانِ ذوقار کی حیثیت سے موجود رہے۔اس موقعہ پر فاؤنڈیشن کی جانب سے سماج کے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔ جن میں روزنامہ تعمیل ارشاد سے وابستہ شفاعت احمد بٹ اور لطیف احمد لون کو شعبہ صحافت میں بہترین خدمات پر خصوصی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔شرکائے تقریب نے فاؤنڈیشن کے اس فلاحی اقدام کو بھرپور سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف ضرورت مندوں کی مدد کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں انسانیت، باہمی ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیاض احمد نے تمام مہمانانِ گرامی اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان تمام رضاکاروں کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے شادی کٹس کی تقسیم کے عمل میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض احمد نے کہا کہ نورالعین ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مقصد معاشرے کے پسماندہ اور ضرورت مند طبقے کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فاؤنڈیشن آئندہ بھی اپنی فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں