23

جموں وکشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روکتھام کیلئے 15روزہ مہم اِختتام پذیر

سری نگر//جموںوکشمیر کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ علاقوں میںپانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روکتھام اور پانی کے معیار کی جانچ کو تیز کرنے کے لئے 15 روزہ جامع مہم اِختتام پذیر ہو گئی۔یہ مہم 4 ؍ستمبر 2025 ء سے شروع کی گئی تھی تاکہ جموں وکشمیریو ٹی کے مختلف اَضلاع میں تباہ کن سیلاب کے بعد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ یہ مہم جل جیون مشن اور جل شکتی ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے کی طرف سے پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔متاثرہ علاقوں میں پانی کے معیار کے نمونوں کی جانچ پبلک ہیلتھ اِنجینئرنگ ڈویژنوںکے ضلعی اور سب ڈویژنل کے عملے کے ذریعے کی گئی۔ اِس کا بنیادی مقصد ماخذ اور صارف دونوں سطحوں پر آلودگی (اگر کوئی ہو) کو جانچنا تھا جس کے لئے ہر متاثرہ گاؤں میں کم از کم تین ٹیسٹ کئے گئے۔مقامی کمیونٹیوں اور محکمہ صحت، تعلیم اور دیہی ترقی جیسے متعلقہ اِداروں نے سکولوں، آنگن واڑی سینٹروں اور صحت اداروں میں پانی کے نمونوں کی جانچ میں اہم کردار اَدا کیا۔ سکولوں اور آنگن واڑی سینٹروں میں موقعہ پر ہی پانی کی جانچ کی گئی اور بچوں کو اِس حوالے سے تعلیم دینے کے لئے بیداری کیمپ منعقد کئے گئے ۔ اِس سلسلے میں 6,486 سکولوں اور 1,940 آنگن واڑی سینٹروںمیں سرگرمیاں منعقد ہوئیں تاکہ پانی، صفائی اور حفظان صحت کے بارے میں بیداری پیدا کیا جا سکے۔ متاثرہ علاقوں میں 5,945 آنگن واڑی سینٹروں کو کور کیا گیاجن میں سے 2,563 سینٹروں میں پانی کی حفاظت سے متعلق سرگرمیاں اَنجام دی گئیں۔یہ مہم محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے، متاثرہ سکیموں کی بحالی اور سیلاب زدہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوامی بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر چکی ہے۔ اِس مہم کے دوران 2,645 دیہاتوں میں 20,493 پانی کے معیار کے ٹیسٹ کئے گئے۔ اِن میں سے 8,127 ٹیسٹ سیلاب اورلینڈ سلائیڈ سے متاثرہ علاقوں میں کئے گئے ہیں جبکہ 2,205 پانی کی فراہمی کی سکیمیں بحال کی گئیں۔اِس پیغام کو مزید دور تک پہنچانے کے لئے 11 ایف ایم سٹیشنوں بشمول آکاشوانی پر آڈیو سپاٹس ،جِنگلز نشر کئے گئے جن کے تحت کل 880 بار بیداری پیغامات نشر کئے گئے۔44اعلانیہ گاڑیاں لگائی گئیں اور متاثرہ اضلاع کے 2,255 دیہاتوں میں بیداری کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ مشن ڈائریکٹوریٹ جل جیون مشن، جل شکتی محکمہ جے اینڈ کے جاری اور مستقبل کے اقدامات کے تحت صحت عامہ کو محفوظ بنانے اور ہر گھر کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے پُرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں