4

وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ کی میٹنگ کی صدارت کی

جموں//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ ( جے اینڈ کے ایچ بی ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 52 ویں اجلاس کی صدارت کی ۔ جس میں اہم پالیسی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈائریکٹر جنرل کوڈز ، ڈائریکٹر جنرل بجٹ ، منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر ہاوسنگ بورڈ کے علاوہ دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ جموں سے باہر تعینات افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ بورڈ نے 28 جون 2024 کو منعقد ہونے والے 51 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے منٹس اور ان پر کئے گئے ایکشن کا جائیزہ لیا ۔ اجلاس کے دوران بورڈ نے کئی ایجنڈہ پوائنٹس پر غور کیا جن میں تحصیل بڑی براہمناں ضلع سانبہ کے بیر پور میں ماس ہاوسنگ کالونی کی ترقی کیلئے تجاویز اور بھلوال جموں میں 41 کنال 05 مرلہ اراضی پر رہائشی سہولیات کی تعمیر کے منصوبے شامل تھے ۔ بورڈ نے جے اینڈ کے ری ہیبلی ٹیشن اسسٹینس سکیم 2022 کو جموں و کشمیر ہاوسنگ بورڈ کے ذریعے نافذ کرنے ، عدالتوں کے مقدمات کیلئے قانونی مشیروں کی خدمات حاصل کرنے اور مختلف معاملات میں ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے ، نیز مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کیلئے بجٹ تجاویز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہاوسنگ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ، فیصلہ سازی میں شفافیت اور ٹائم لائینز کی سخت نگرانی پر زور دیا ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کچھ ایجنڈہ آئٹمز کو دوبارہ غور و خوض کے بعد نظر ثانی کیا جائے تا کہ حتمی فیصلہ سے پہلے زیادہ مالی احتیاط ، تکنیکی مضبوطی اور طویل مدتی عوامی فائدہ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے ہاوسنگ بورڈ کو ہدایت دی کہ پراجیکٹس کی تکمیل کو تیز کیا جائے ، جدید پراجیکٹس منیجمنٹ طریقوں کو اپنایا جائے اور خاص طور پر درمیانی اور نچلی آمدنی والے گروہوں کیلئے سستی ، محفوظ اور معیاری رہائش فراہم کی جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کے تمام طبقات کیلئے سستی رہائش فراہم کرنے والے پراجیکٹس ہی جموں و کشمیر ہاوسنگ بورڈ کے قیام کا بنیادی مقصد ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے ادارہ جاتی ڈھانچوں کی معقولیت ، مالی ڈسپلن کو مضبوط بنانے اور محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر بھی زور دیا تا کہ ہاوسنگ بورڈ کو زیادہ موثر اور شہریوں کیلئے مفید بنایا جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں