سرینگر//وی او آئی//کرائم برانچ کشمیر کے اکنامک آفینسز ونگ نے زمین فراڈ کے ایک بڑے معاملے میں ایف آئی آر نمبر 18/2025 کے تحت چار ملزمان کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں داخل کر دی ہے۔ یہ کارروائی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت میں کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق چارج شیٹ شبیر احمد گانی، بشیر احمد گانی، جاوید احمد حقاق (اس وقت پٹواری) اور ایک فوت شدہ پٹواری کے خلاف داخل کی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی زمین کے کاغذات تیار کر کے معصوم خریداروں کو دھوکہ دیا۔یہ کیس اس وقت سامنے آیا جب کئی متاثرین نے مشترکہ شکایت درج کرائی کہ انہوں نے بروکروں کے ذریعے آٹھ کنال زمین خریدی تھی۔ ان میں سے چار کنال ایک شکایت کنندہ کے نام، دو کنال دوسرے کے نام اور باقی دو کنال تیسرے شکایت کنندہ کے والد کے نام دکھائی گئی۔ تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ تمام کاغذات جعلی تھے اور بروکروں نے فرضی میوٹیشن نمبر فراہم کیے تھے۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے سازش کے تحت جعلی دستاویزات تیار کر کے متاثرین کو اصل لین دین کا یقین دلایا اور اس طرح پچیس لاکھ روپے وصول کر لیے۔ پولیس نے مقدمے میں جعلسازی، دھوکہ دہی، ثبوت مٹانے اور مجرمانہ سازش کے شواہد پائے ہیں۔چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے اور ای او ڈبلیو نے کہا ہے کہ شہریوں کو معاشی جرائم سے بچانے اور انصاف فراہم کرنے کے لیے پیشہ ورانہ تحقیقات جاری رہیں گی۔
4
