یہ وادی کے اندر ہندوستان کے آئین پر لوگوں کے اعتماد کا ایک نمایاں مظاہرہ ہے ۔ امت شاہ
سرینگر//وزیر داخلہ امت نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں مزید تین اعلیحدگی پسند جماعتوں نے حریت کو چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں ۔ اس طرح سے اب تک 11اعلیحدگی پسند جماعتوں نے امن عمل میں شمولیت اختیار کر لی ہے جو کہ نہ صرف ملک بلکہ جموں کشمیر کی مجموعی صورتحال کیلئے نیک شگون ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو اعلان کیاکہ جموں کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور کشمیر فریڈم فرنٹ نے خود کو علیحدگی پسند جماعت حریت کانفرنس سے الگ کر لیا ہے،انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس اقدام سے آئین پر لوگوں کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔انہوںنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر لکھا ہے کہ تین مزید تنظیمیں، یعنی جموں کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ، اور کشمیر فریڈم فرنٹ، خود کو حریت سے الگ کر رہی ہیں۔ یہ وادی کے اندر ہندوستان کے آئین پر لوگوں کے اعتماد کا ایک نمایاں مظاہرہ ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ متحد اور طاقتور بھارت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا وڑن آج اور بھی مضبوط ہوا ہے، کیونکہ اب تک ایسی 11 تنظیموں نے علیحدگی پسندی سے کنارہ کشی کرتے ہوئے اس کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا ہے۔اپنے دورے کے دوران، شاہ نے پیر کو ہندوستان-پاکستان بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ایک فارورڈ پوسٹ کا دورہ کیا۔وہ منگل کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہیں۔یہ اعلان شاہ کے جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے کے درمیان سامنے آیا ہے۔واضح رہے کہ امت شاہ کے دور سرینگر سے قبل بھی متعدد اعلیحدگی پسند جماعتوںنے اعلیحدگی پسندی کو چھوڑنے کا اعلان کیا ہے جبکہ حال ہی میں مرکزی وزارت داخلہ نے جماعت اسلامی ، دختران ملک ، مسلم لیگ کے چار وں دھڑوں، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور دیگر متعدد جماعتوں پر مزید پانچ برسوں تک پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا ۔
