15

نتیش حکومت ’انصاف‘ نہیں بلکہ ’اقتدار‘ کی سیاست کی علامت بن چکی ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بہار میں 20 سال تک برسراقتدار رہنے کے بعد بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ’ٹربل انجن‘ حکومت ریاست کو تحفظ، وقار اور ترقی نہیں دے پائی۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے 5 جون کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ بہار کی نتیش حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ بہار میں 20 سال تک برسراقتدار رہنے کے بعد بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ’ڈبل انجن‘حکومت ریاست کو تحفظ، وقار اور ترقی نہیں دے پائی۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نتیش حکومت انصاف نہیں، بلکہ اقتدار کی سیاست کی علامت بن چکی ہے۔
یہ تبصرہ راہل گاندھی نے بہار کانگریس کے ذریعہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دیا ہے۔ بہار کانگریس کی پوسٹ میں ایک ویڈیو ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکٹر کو درخت سے باندھا گیا ہے اور اس کے جسم سے خون بہہ رہا ہے۔ یہ ڈاکٹر ایک عصمت دری متاثرہ کی ماں کا علاج کرنے پہنچا تھا، لیکن مبینہ طور پر عصمت دری کے ملزمین نے اسے گھر سے کھینچ کر باہر نکالا اور پٹائی کر دی۔ اس ویڈیو کے ساتھ بہار کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بہار میں کُشاسن راج کا ’ٹربل انجن‘ (پریشان کرنے والا انجن) بے قابو ہو گیا ہے۔ گیا میں عصمت دری متاثرہ کی ماں کا علاج کرنے اس کے گھر پہنچے ڈاکٹر جتیندر یادو کو عصمت دری کے ملزمین نے گھر سے گھسیٹ کر باہر نکالا اور درخت سے باندھ کر خوب پیٹا۔‘‘
اسی پوسٹ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’20 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد بھی نتیش جی کی ڈبل انجن حکومت نہ تو بہار کو تحفظ دے پائی، نہ وقار اور نہ ہی ترقی۔ جرائم، بے روزگاری اور ہجرت… یہ نتیش-بی جے پی حکومت کی اصلی پہچان بن چکی ہے۔ عوام کو بے بس بنا کر اقتدار سے چپکے رہنا ہی ان کا ایجنڈا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’نتیش حکومت ’انصاف‘ نہیں، صرف ’اقتدار‘ کی سیاست کی علامت بن چکی ہے۔ اب بہت ہوا۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم ناانصافی کے اس چکر کو توڑیں اور بہار کو تحفظ، وقار اور عزت کی راہ پر آگے لے چلیں۔‘‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں