26

جی ایس ٹی اصلاحات ہر گھر کے لیے خوشی کا تحفہ: امیت شاہ

صحت اور بزرگ شہریوں کی انشورنس پالیسیوں پر جی ایس ٹی صفر کر دیا گیا
سرینگر/وی او آئی//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حالیہ جی ایس ٹی اصلاحات کو ملک کے ہر گھرانے کے لیے مالی بوجھ میں کمی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے اسے “خوشی کا تحفہ” قرار دیا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں شاہ نے کہا کہ ان اصلاحات سے معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے لکھا، “دودھ سے بنی کئی اشیاء پر جی ایس ٹی صفر کر دینا، اور صابن، ٹوتھ برش، ٹوتھ پیسٹ، بالوں کا تیل، شیمپو جیسی روزمرہ کی چیزوں پر بے مثال کمی، نئی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات نے ہر طبقے کے گھر میں خوشی پہنچائی ہے۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ زندگی، صحت اور بزرگ شہریوں کی انشورنس پالیسیوں پر جی ایس ٹی صفر کر دیا گیا ہے، جبکہ 33 جان بچانے والی ادویات اور تشخیصی کٹس کو بھی استثنیٰ حاصل ہے۔ آکسیجن، جراحی آلات، طبی، دندان سازی اور ویٹرنری آلات پر معمولی جی ایس ٹی سے علاج معالجے کی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔زراعت کے شعبے پر روشنی ڈالتے ہوئے شاہ نے کہا کہ زرعی آلات اور کھادوں پر جی ایس ٹی میں کمی سے کسانوں میں امید کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گاڑیوں کی خریداری اب عام شہریوں کے لیے مزید قابلِ استطاعت ہو جائے گی۔شاہ نے مزید کہا، “یہ اصلاحات ملک کے عوام کی بچت میں تاریخی اضافہ لائیں گی۔ کسان زرعی آلات اور کھادوں پر جی ایس ٹی میں کمی سے خوش ہیں، اور اب شہریوں کو گاڑی خریدنے سے پہلے زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اصلاحات ملک کو خود کفالت کی جانب بھی لے جائیں گی۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “یہ جی ایس ٹی اصلاحات خود انحصاری کو فروغ دیں گی۔ آپ بھی روزمرہ کی اشیاء میں دیسی مصنوعات کو اپنائیں۔امیت شاہ کے یہ بیانات جی ایس ٹی کونسل کے حالیہ فیصلوں کے بعد سامنے آئے ہیں، جن میں ضروری اشیاء و خدمات پر بڑی رعایت دی گئی ہے، تاکہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور صارفین کی بچت میں اضافہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں