بارہمولہ//وزیر زرعی پیداوار ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ مسٹر جاوید احمد ڈار نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں کسان میلہ اور نمائش کا افتتاح کیا ۔ کسان میلہ کا اہتمام محکمہ زراعت و کسان بہبود ضلع بارہمولہ نے کیا تھا ۔ ابتداء میں وزیر موصوف نے زراعت ، باغبانی ، ریشم کی صنعت ، جانوروں کی پرورش، بھیڑ پالن ، متعلقہ شعبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے قائم کردہ اسٹالز کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے ان سے بات چیت کی اور کسانوں کی بہبود کیلئے بنائی گئی اسکیموں کو اجاگر کرنے والے اسٹالز کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ڈار نے کہا کہ یہ کسان میلہ کسانوں، زرعی ماہرین ، زرعی کاروباری افراد اور اداروں کو جوڑنے کا ایک پلیٹ فارم ہے ، جو جدید تیکنالوجیز ، سرکاری اسکیموں اور کامیاب کہانیوں کو پیش کرتا ہے جو ہماری کسان برادری کو بااختیار بنانے کیلئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے اہم نکات میں بہتر فصلوں کی اقسام اور جانوروں کی نسلوں کی نمائش ، زرعی مشینری کی نمائش ، جدید ٹیکنالوجیز کی پیشکش ، جدید زرعی مشینری اور ٹیکنالوجیز کا مظاہرہ اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینا اور فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانا شامل ہیں ۔ مسٹر جاوید ڈار نے اعتماد کا اظہار کیا کہ کسان میلہ خطے میں کسانوں کو بااختیار بنانے اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے میں بہت آگے جائے گا ۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اس ایونٹ سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز اور اسکیموں کے بارے میں جانیں ۔ مسٹر جاوید ڈار نے افسران پر زور دیا کہ وہ کسانوں کی برادری کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے انتھک محنت کریں ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ تمام بلاک سطح پر آگاہی کیمپوں کا انعقاد کیا جائے تا کہ کسانوں کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی تمام اسکیموں سے فائدہ حاصل ہو ۔ اس موقع پر ایم ایل اے بارہمولہ جاوید حسن بیگ ، ایم ایل اے پٹن جاوید ریاض بیدار ، ایم ایل اے سوپور ارشاد رسول کار ، ایم ایل اے اوڑی ڈاکٹر سجاد شفیع ، ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر ، دیگر ضلعی افسران اور کسانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
9




