جموں//وزیر برائے سکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پی ایم پوشن (مڈ ڈے میل سکیم) کے تحت کام کرنے والے باورچی اور معاونین کی اُجرت میں اضافے کا معاملہ آئندہ پروجیکٹ اپروول بورڈ (پی اے بی) میٹنگ میں پیش کیا جائے گا۔وزیر موصوفہ ایوان میں رُکن اسمبلی مظفر اقبال خان کے ایک سوال کا جواب رے رہی تھیں۔اُنہوں نے بتایا کہ مرکزی وزارتِ تعلیم کے 90:10 اشتراک پیٹرن کے رہنما خطوط اور قواعد کے مطابق باورچی اور معاونین کو صرف ایک وقت کے کھانے کی تیاری کے لئے ماہانہ 1000 روپے بطور اعزازیہ دیا جاتا ہے۔وزیر موصوفہ نے ایوان کو مزید بتایا کہ گزشتہ پی اے بی میٹنگ میں بھی ان کی اجرت میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن اسے یہ کہہ کر مسترد کر دیا گیا کہ پورے ملک میں یکساں اُجرت دی جاتی ہے اور کسی ایک ریاست یا یوٹی کے لئے علیحدہ اضافہ ممکن نہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پہلے ایس آر او 520 کے تحت زمین عطیہ دہندگان کو کیجول ورکر کے طورپر ملازمتیں دینے کی سہولیت موجود تھی، لیکن اب یہ پالیسی ختم ہو چکی ہے۔ اِس وقت کوئی ایسی پالیسی موجود نہیںجس کے تحت زمین عطیہ کرنے والوں کو ملازمت فراہم کی جا سکے۔البتہ، سکولی تعلیم محکمہ یو ٹی کیپیکس بجٹ کے تحت زمین عطیہ دہندگان کو مرحلہ وار معاوضہ فراہم کر رہا ہے جس میں تحصیل تھنہ منڈی کے دعویدار بھی شامل ہیں۔اِس موقعہ پر اَرکان قانون ساز میر سیف اللہ ، معراج ملک او ربلونت سنگھ منکوٹیہ نے ضمنی سوالات اُٹھائے۔
