9

ستیش شرما کی متعدد وفود سے ملاقات

ترقی ،مستقلی اور بنیادی ڈھانچے کے اہم مسائل اُٹھائے گئے

سری نگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ،اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما سے مختلف وفود اور اَرکان قانون ساز اسمبلی نے ملاقات کی اور روزگار کی مستقلی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ٹرانسپورٹ کے مسائل اورمحکمانہ اَمور سے متعلق مسائل پیش کئے ۔وزیر موصوف نے تمام وفود کو بغورسُنا اور اُن کے مسائل کے بروقت اَزالہ کی یقین دہانی کی۔ رہبرِ کھیل ملازمین کے ایک وفد نے وزیر سے ملاقات کی اور اَپنی خدمات کی جلد مستقلی کامطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ محکمانہ ترقیاتی کمیٹی (ڈِی پی سی) کی میٹنگ جلد از جلد طلب کی جائے تاکہ خالی اَسامیوں کو پُر کر کے انہیں مستقل کیڈر میں شامل کیا جا سکے۔ وزیر نے مسئلے کی اہمیت کو تسلیم کیا اور یقین دلایا کہ متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اُٹھا کر جلد پیش رفت کی جائے گی۔ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم محکموں کے ایک وفد نے وزیر سے ملاقات کی تاکہ ان کے ڈیپوٹیشن کے اِنتظامات اور محکمانہ انضمام پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ وفد نے انضمام کے طریقہ کار اورآپریشنل فریم ورک کے بارے میں وضاحت مانگی اور ملازمین کے مفادات کے تحفظ پر زور دیا۔ وزیر موصوف نے یقین دِلایا کہ تمام ضروری مشاورت کے بعد عمل کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ تولہ مولہ علاقے کے ایک وفد نے وزیر کی توجہ علاقے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی اہم ضرورت کی طرف مبذول کی۔ اُنہوں نے نوجوانوں کی شمولیت اور کمیونٹی کی ترقی سے متعلق دیگر مقامی مسائل بھی اُجاگر کئے۔ وزیر نے ان کی سرگرم کاوشوں کو سراہا اور یقین دِلایا کہ کھیلوں کی سہولیات کی بہتری سمیت تمام مسائل پر مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔رُکن قانون ساز اسمبلی گریز نذیر احمد خان نے وزیر ستیش شرماسے ملاقات کی اور اَپنے حلقہ اِنتخاب کے مسائل بالخصوص دشوار گزار علاقوں میں ناکافی ٹرانسپورٹ سہولیات کی طرف توجہ دِلائی۔ اُنہوں نے سڑکوں کی بہتری اور عوامی ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ وزیر نے یقین دِلایا کہ ان امور کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا اور جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ممبر قانون ساز اسمبلی چھانہ پورہ مشتاق گورو نے وزیر سے ملاقات کی اور اپنے حلقے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے نوجوانوں کے لئے پروگراموں اور عوامی سہولیات سے متعلق دیگر ترقیاتی معاملات بھی اُٹھائے۔ وزیر ستیش شرمانے ان کی وابستگی کو سراہا اور تمام مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کی۔رُکن قانون ساز اسمبلی چاڈورہ علی محمد ڈار نے وزیر کی توجہ اَپنے حلقے میں ترقیاتی مسائل کی طرف مبذول کی۔ انہوں نے شہری سہولیات، سڑکوں کے انفراسٹرکچر اور روزگار کے مواقع کی بہتری کے لئے خصوصی اقدامات پر زور دیا۔ وزیر نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں گی۔وزیر موصوف نے حکومت کی ہمہ گیر ترقی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وفود اور اراکین اسمبلی کی طرف سے اٹھائے گئے تمام حقیقی مسائل کو سنجیدگی اور ترجیح کے ساتھ حل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں